خود کشی اور خود کو نقصان پہنچانا

اپ ڈیٹ کردہ: ‏20 نومبر، 2024

ہر شخص کو اپنی ذہنی صحت کے حوالے سے اتار چڑھاؤ کا سامنا رہتا ہے۔ اگر آپ یا آپ کے جاننے والے کسی شخص کو ذہنی صحت، خود اذیتی، یا خود کشی کے بارے میں سوالات پوچھنے ہیں، تو یہ جاننا ضروری ہے کہ مدد موجود ہے، صحت یابی ممکن ہے، اور آپ اکیلے نہیں ہیں۔

خود کشی اور خود اذیتی سے کیا مراد ہے؟

مرنے کی خواہش یا تمنا کے اظہار پر مبنی خیالات کو خود کشی کی سوچیں کہا جاتا ہے۔ جب کوئی شخص ان خیالات کی بنیاد پر عملی قدم اٹھا لیتا ہے، تو یہ خود کشی کی کوشش کہلاتی ہے۔ اگر خود کشی کی کوئی کوشش جان لیوا ہو، تو یہ خود کشی کی موت کہلاتی ہے۔ خود کشی روکی جا سکتی ہے، اور ہر وہ شخص جو خود کشی کے خیال سے نبرد آزما ہے خود کشی سے نہیں مرے گا۔ خود اذیتی سے مراد کسی شخص کا خود کو جسمانی تکلیف میں مبتلا کرنا ہے۔ خود اذیتی خود کشی کی کوشش سے مختلف ہے کیونکہ ہر شخص جو خود کو نقصان پہنچاتا ہے وہ مرنا نہیں چاہتا۔ ہمیں خود کشی یا خود کو نقصان پہنچانے والے تمام خیالات اور طرز عمل کو سنجیدگی سے لینا چاہیے، اور مدد طلب کرنے کی علامت کے طور پر دیکھنا چاہیے۔

مدد حاصل کرنا

یہ جاننا ضروری ہے کہ دماغی صحت کے چیلنجز کس وقت تسلسل اختیار کر لیتے اور روزمرہ کی زندگی کو سنبھالنا مشکل بنا دیتے ہیں۔ وہ علامات جو ظاہر کریں کہ کوئی شخص ممکنہ طور پر اپنی ذہنی صحت کے حوالے سے مسائل کا شکار ہے، ان میں رویے، مزاج اور بات چیت میں تبدیلیاں شامل ہیں، جیسے کہ:

  • بھوک، نیند کے انداز، یا توانائی کی سطح میں تبدیلیاں
  • دوستوں اور خاندان سے الگ تھلگ رہنا، یا معمول کی سرگرمیوں میں شرکت کا کم ہو جانا
  • کام، اسکول، یا زندگی کے دیگر شعبوں میں کام کرتے وقت مشکلات کا سامنا ہونا
  • معمول سے زیادہ اداس، ناامید، چڑچڑاپن، یا پریشان محسوس کرنا
  • مایوس کن بیانات دینا جیسے کہ، "میرے بغیر آپ بہتر رہیں گے"، "کاش میں سو جاتا اور کبھی نہ جاگ سکتا"، یا "مجھے کوئی پرواہ نہیں کہ میں زندہ ہوں یا مر جاؤں"

اگر مجھے مدد کی ضرورت محسوس ہو، تو مجھے کیا کرنا چاہیےَ؟

جب آپ پریشانی میں مبتلا ہوں تو مدد کے لیے رابطہ کرنا مشکل ہو سکتا ہے، لیکن آپ اکیلے نہیں ہیں؛ مدد دستیاب ہے۔ مدد طلب کرنا ہمیشہ مناسب ہوتا ہے اور اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ آپ ناکام ہیں۔ درحقیقت، یہ ان سب سے اہم اقدامات میں سے ایک ہے جو آپ بحالی کی طرف لے سکتے ہیں۔

آپ کو اپنی ضروریات اور آرام کی سطح کے لحاظ سے مختلف قسم کی مدد درکار ہو سکتی ہے۔ یہاں کچھ ایسے ذرائع دیے گئے ہیں جن سے آپ مدد حاصل کرنے پر غور کر سکتے ہیں:

  • دوست، خاندان، یا دیگر کمیونٹیز۔ دوست، خاندان، مشغلہ جاتی گروپس، یا مذہبی کمیونٹیز اگر آپ کسی کا حصہ ہوں، تو یہ مدد اور حوصلہ افزائی کا ایک بڑا ذریعہ ہو سکتے ہیں۔ وہ سن سکتے ہیں کہ آپ ہمدردی کے حوالے سے کن احساسات کا سامنا کر رہے ہیں اور آپ کو یاد دلاتے ہیں کہ آپ کو اکیلے مشکل وقت سے گزرنے کی ضرورت نہیں ہے۔
  • ذہنی صحت کے بحران یا خود کشی کی ہیلپ لائن۔ ہیلپ لائن کے ساتھ رابطے کے نتیجے میں آپ ایک تربیت یافتہ پیشہ ور شخص کے ساتھ مربوط ہو جائیں گے جو آپ سے آپ کے احساسات کے متعلق سوالات پوچھیں گے اور یہ جانیں گے کہ آیا آپ خود کو نقصان پہنچانے کے خطرے میں ہیں۔ کچھ ہیلپ لائنز پر، آپ اپنی ترجیح کے لحاظ سے متن یا کال کے ذریعے مدد حاصل کر سکتے ہیں۔ خود کشی کی ہیلپ لائن سے رابطہ کرنے کے لیے آپ کو جان لیوا بحران میں ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ آپ ایک گمنام، خفیہ انداز میں کسی بھی ایسی چیز کے بارے میں بات کر سکتے ہیں جو آپ کو پریشان کر رہی ہو۔
  • میڈیکل ڈاکٹر۔ آپ کا ڈاکٹر آپ کے جذبات اور طرز عمل میں تبدیلیوں کا اندازہ لگانے میں مدد کر سکتا ہے، طرز زندگی میں تبدیلیوں کے لیے سفارشات دے سکتا ہے (جیسے نیند کی عادات، ورزش اور خوراک)، اور ضرورت کے مطابق دیگر صحت کے پیشہ ور افراد کو حوالہ جات فراہم کر سکتا ہے۔
  • ذہنی صحت کے پیشہ ورانہ ماہرین۔ ذہنی صحت کا ایک خصوصی فراہم کنندہ ذہنی صحت کے مسائل کے لیے مدد اور علاج فراہم کر سکتا ہے، بشمول اگر ضرورت ہو تو دماغی صحت کی حالتوں کی تشخیص کرنا۔ وہ آپ کے لیے علاج کے دیگر اختیارات بھی تلاش کر سکتے ہیں، جیسے کہ ادویات یا گفتگو کی تھراپیز۔ اگر آپ خود کشی کے احساسات یا خواہشات کا شکار ہیں، تو وہ خود کو محفوظ رکھنے کا منصوبہ بنانے میں بھی آپ کی مدد کر سکتے ہیں۔
  • ساتھی کی معاونت کی سروسز۔ کسی ایسے شخص سے بات کرنا ایک حوصلہ بخش اور موزوں تجربہ ہو سکتا ہے کہ جو ذہنی صحت کے مسائل سے بحسن خوبی باہر آ چکا ہو۔ ساتھی کی معاونت پر مبنی مقامی کمیونٹیز فون لائنز پیش کر سکتی ہیں جن کا عملہ دماغی صحت کی کیفیات کے حامل خاطر خواہ تجربہ رکھنے والے افراد کے علاوہ دوسرے ساتھیوں کے معانتی گروپس پر مشتمل ہوتا ہے۔

میں کسی دوست کی مدد کے لیے کیا کر سکتا/سکتی ہوں؟

اگر آپ کو لگتا ہے کہ کوئی دوست خود کشی کرنے کے بارے میں سوچ رہا ہے یا خود اذیتی میں مشغول ہے، تو اس کے لیے مغلوب ہونا آسان ہے اور اس بات کا یقین نہیں ہے کہ آپ کس طرح مدد کر سکتے ہیں۔ یہاں کچھ اقدامات بیان کیے گئے ہیں، جن کے ذریعے آپ کسی دوست کی معاونت کر سکتے ہیں:

  • گفتگو کا آغاز کریں۔ اگر آپ کسی دوست کے رویے میں ہونے والی تبدیلیوں کے بارے میں فکر مند ہیں اور سوچتے ہیں کہ کچھ غلط ہو سکتا ہے، تو اسے ان کے سامنے لانے سے نہ گھبرائیں۔ آپ اپنے دوست سے ذاتی طور پر ملنے اور کچھ ایسا پوچھنے کی کوشش کر سکتے ہیں، "ایسا لگتا ہے کہ آپ کسی بات کو لے کر پریشان ہیں، اور میں آپ کے بارے میں فکرمند ہوں۔ آپ کیسا محسوس کر رہے ہیں؟" خود کشی کے بارے میں استفسار کرنے کا عمل کسی کے ذہن میں سوچ کو نہیں ڈالتا اور نہ ہی خطرے میں اضافہ کرتا ہے۔ آپ یہ کہہ کر براہ راست پوچھنے کی کوشش کر سکتے ہیں، "کیا آپ کو اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے کے بارے میں خیالات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے؟" خود کشی یا خود اذیتی کے حوالے سے کسی شخص کے ساتھ گفتگو کرنے کے طریقے کے بارے میں اضافی رہنمائی TikTok کی فلاح و بہبود کی گائیڈ میں دستیاب ہے۔
  • ہمدردی سے اور تحکمانہ رویے کے بنا غور سے سنیں۔ حل کی پیشکش نہ کریں یا موضوع تبدیل نہ کریں۔ اگر خاموشی کے وقفے ہوں تو صبر سے کام لیں اور پرسکون رہیں۔ تفصیل طلب سوالات پوچھنے کی کوشش کریں، جیسے "آپ کے دماغ میں کیا ہے؟" اور "میں آپ کی مدد کے لیے کیا کر سکتا ہوں؟"، اور آپ کے دوست کے جوابات میں سامنے آنے والے جذبات کو سننا بھی اہم ہے۔ ہم محض ایک اچھے سامع بن کر بھی دوسروں کی مدد کر سکتے ہیں۔
  • انہیں ذرائع سے مربوط کرنے کی پیشکش کریں۔ آپ اس ضمن میں اپنے دوست کی صحت یابی میں ایک اہم کردار ادا کر سکتے ہیں کہ وہ کسی معالج یا نگہداشت صحت کے فراہم کنندہ سے پیشہ ورانہ مدد حاصل کریں، خود کشی کی ہاٹ لائن سے رابطہ کریں، یا کسی مقامی معاونتی گروپ سے رابطہ کریں۔
  • اپنا خیال رکھیں۔ اپنے آس پاس موجود دوسرے لوگوں کو سماعت اور معاونتی توجہ فراہم کرنے سے آپ کی اچھی خاصی توانائی صرف ہوتی ہے۔ یہ آپ کو پریشانی یا تھکاوٹ کے احساس میں مبتلا کر سکتا ہے، خاص طور پر جب آپ خود کشی یا خود کو نقصان پہنچانے جیسے مسائل کے بارے میں بات کریں۔ اگر آپ محسوس کرتے ہیں کہ کسی دوست کی مدد کرنا آپ کی اپنی ذہنی صحت کو نقصان پہنچا رہا ہے، تو وقفہ لینے، صحت مند حدود طے کرنے، یا کسی ایسے شخص سے بات کرنے سے نہ گھبرائیں جس پر آپ بھروسہ کریں۔

دماغی صحت کی مشکلات کا سامنا کرنے والے دوستوں کی مدد کرنے کے طریقے کے بارے میں مزید معلومات TikTok کی فلاح و بہبود کی گائیڈ میں دستیاب ہیں۔

فوری مدد طلب کرنا

اگر آپ یا آپ کے واقف کار افراد میں سے کوئی ذہنی صحت کی ہنگامی صورتحال کا سامنا کر رہا ہے، تو براہ کرم فوری طور پر نگہداشت صحت کے فراہم کنندہ یا خود کشی کی ہاٹ لائن سے رابطہ کریں۔

مزید جانیں

میں TikTok پر خود کشی یا خود اذیتی کے بارے میں اپنے تجربات کو محفوظ طریقے سے کیسے بتا سکتا ہوں؟

اگر آپ TikTok پر اپنی اسٹوری شیئر کرنے پر غور کر رہے ہیں، تو براہ کرم ٹپس کے لیے اپنی اسٹوری کو مناسب طریقے سے کیسے شیئر کریں پر مشتمل گائیڈ کا جائزہ لینے پر غور کریں۔ نیز، ہمارے کمیونٹی کے رہنما اصولوں کے سیکشن "خود کشی اور خود اذیتی" کا بھی جائزہ لیں۔

کیا خود کشی یا خود اذیتی کے خیالات کا آنا ایک معمول کی بات ہے؟

اگرچہ بہت سے لوگوں کو خود کشی یا خود اذیتی کے خیالات کا سامنا کرنا پڑتا ہے، تاہم اس قسم کے خیالات کو ہمیشہ سنجیدگی سے لینا چاہیے۔ کسی ایسے شخص سے رابطہ کریں جس پر آپ بھروسہ کرتے ہیں اور وہ مدد حاصل کریں جس کے آپ مستحق ہیں۔ آپ تنہا نہیں ہیں اور مدد موجود ہے۔

خود کشی یا خود اذیتی کے خیالات سے نمٹنے کے لیے کچھ ٹپس کیا ہیں؟
  • ایک وقت میں ایک ہی مسئلہ حل کرنے پر توجہ دیں
    • کبھی کبھار ہم خود کو اپنے خیالات یا احساسات میں پھنستے ہوئے اور مغلوب ہوتے ہوئے محسوس کر سکتے ہیں۔ جب ایسا ہو رہا ہو تو اس کی پہچان کریں اور اپنے جذبات سے باخبر رہیں۔ کوئی ایسا کام کرنے کی کوشش کریں جس سے آپ بہتر محسوس کریں اور تناؤ ختم ہو، جیسے کہ قدرتی مقامات پر جانا، موسیقی سننا، دوستوں سے میل جول کرنا، یا فن پارے تخلیق کرنا۔ ان لوگوں کو ان فالو کرنے پر غور کریں جو اب آپ کی یا آپ کی صحت یابی میں مثبت کردار ادا نہیں کر رہے ہیں، اور اگر آپ اسکرولنگ کے دوران منفی احساسات کا شکار ہوں تو اپنے اسکرین کے وقت کو محدود کرنے پر غور کریں۔
  • اپنی "خود کلامی" کو نوٹ کریں
    • اس بارے میں جاری تبصرے کی طرح خود کلامی عام ہے کہ ہم کیسا محسوس کرتے ہیں اور ہمارے ارد گرد سب کچھ کیسا ہے۔ بعض اوقات خود کلامی منفی اور نقصان دہ ہو سکتی ہے، جس سے ہم مزید بُرا محسوس کر سکتے ہیں۔ خود سے مہربان، صبر والے، اور خیال رکھنے والے انداز میں بات کرنے کی مشق کرنے کی کوشش کریں۔ خود سے بات کرنا ویسا ہی ہونا چاہیے جیسے اپنے بہترین دوست سے بات کرنا۔
  • اپنی اندرونی صلاحیتوں اور زندگی گزارنے کی وجوہات پر توجہ دیں
    • اپنی تمام صلاحیتوں اور ان اقدار کے بارے میں سوچنے کی کوشش کریں جن کے آپ حامل ہیں۔ ان مشکل اوقات کے بارے میں سوچیں جن سے آپ پہلے ہی کامیابی سے گزر چکے ہیں، اور ان اچھے لمحات کا بھی سوچیں جو مستقبل میں آپ کا انتظار کر رہے ہوں گے۔ ان امور پر توجہ مرکوز کرنا آپ کو بڑی تصویر دیکھنے میں مدد دے سکتا ہے اور اس سے آپ اپنے اور اپنی کامیابیوں کے بارے میں اچھا محسوس کر سکتے ہیں۔
    • مثال کے طور پر، آپ ان چیزوں کی فہرست بنا سکتے ہیں جن کے آپ منتظر ہیں، جیسے اپنی پسندیدہ کتابوں کی سیریز کو ختم کرنا، یا ان لوگوں کی مدد پر توجہ دیں کہ جن کے لیے آپ زندہ رہنا چاہتے ہیں، جیس کی ایک مثال آپ کا خاندان ہے۔
  • اپنے محرکات کو جانیں اور آنے والے وقت کے لیے منصوبہ بندی کریں
    • خود کشی یا خود اذیتی کے خیالات اکثر متحرک حالات میں آ سکتے ہیں، جیسے امتحانات کے لیے مطالعہ کرنا، معمولات میں تبدیلیاں، یا دوستوں یا عزیزوں کے ساتھ بحث مباحثہ۔ جانیں کہ کیا چیز آپ کے لیے غیر آرام دہ یا منفی جذبات کو جنم دیتی ہے۔ ایک فہرست بنائیں اور تیار کریں کہ اگر آپ برانگیختہ محسوس کرتے ہیں، تو آپ کو کس طرح مدد ملے گی، یا کون سی ایسی متبادل سرگرمیاں جو آپ خود کو نقصان پہنچانے کی بجائے انجام دے سکتے ہیں۔
    • مثال کے طور پر، آپ خود کشی اور خود اذیتی پر مبنی خیالات کے تدارک پر ایک حفاظتی منصوبہ تحریر کر سکتے ہیں۔
  • طبی اور ذہنی صحت کی نگہداشت طلب کریں
    • مندرجہ بالا ٹپس جیسی چیزوں کے بارے میں خود کشی سے بچاؤ کی ایسی تنظیموں کی طرف سے مطلع کیا جاتا ہے جو TikTok پر ہمارے ساتھ شراکت کرتی ہیں۔ تاہم، ہر شخص کی ذہنی صحت انفرادی نوعیت کی ہوتی ہے۔ خود کشی یا خود اذیتی کے خیالات سے نمٹنے کا طریقہ معلوم کرنے کا بہترین راستہ یہ ہے کہ کسی طبی یا ذہنی صحت کے نگہداشت فراہم کنندہ سے رابطہ کریں جو آپ کے ساتھ مل کر اس مسئلے کا حل کر سکتا ہے۔

‏‫دستبرداری‬

TikTok کے تحفظ کے سینٹر کے ذرائع اور رہنمائیاں نفسیاتی صحت یا طبی سروسز فراہم نہیں کرتیں۔ TikTok پر "خود کشی اور خود اذیتی" طبی، رویہ جاتی، یا نفسیاتی تشخیص، معالجے، یا مشورے کا متبادل نہیں۔ TikTok کی جانب سے تخلیق اور تقسیم کردہ مواد صرف معلوماتی اور تعلیمی مقاصد کے لیے ہے۔ TikTok کی جانب سے پیش کردہ سروسز یا تعلیمی مواد کی دستیابی کے باعث پیشہ ورانہ مشورے کے حصول کو مسترد یا اس میں تاخیر نہ کریں۔

اگر آپ کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا ہے یا آپ یا دیگر کسی بھی شخص کو کوئی خطرہ لاحق ہے یا طبی ہنگامی صورتحال کا سامنا ہے، تو فوری طور پر اپنے مقامی ہنگامی ذرائع سے رابطہ کریں۔ صارفین کو یاد رکھنا چاہیے کہ کسی کے بھی تحفظ کی ذمہ داری صرف آپ پر عائد نہیں ہوتی؛ دوسرے لوگ بھی مدد کے لیے دستیاب ہیں۔ اگر آپ تیار نہیں ہیں تو ضروری نہیں کہ آپ اس گفتگو میں حصہ لیں۔

تحفظ کا یہ سینٹر خود کشی سے بچاؤ کی بین الاقوامی ایسوسی ایشن (IASP) کے ساتھ ماہرانہ مشاورت کے بعد تیار کیا گیا تھا۔